وزیراعظم اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، بلاول بھٹو

عوامی نمائندوں کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، بلاول

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے نیب کی جانب سے شہبازشریف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاست دانوں کو گرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ حکومت فی الفور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو رہا کرے۔ عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کرنا بند کریں۔

شہبازشریف کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا صرف یہ قصور ہے کہ اس نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ اس نے جیل جانے کو ترجیح دی مگر اپنے بھائی کو ساتھ کھڑا رہا۔ یہ انتقامی احتساب نواز شریف اور اس کے ساتھیوں کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔ اب وہ وقت دور نہیں جب اس حکومت اور ان کو لانے والوں کا احتساب عوام کرے گی۔

ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب نے بے نامی درخواست پر گرفتار کیا۔اے پی سی کے بعد انتقامی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے اور شہبازشریف کو عمران خان کے حکم پر گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:نیب نے شہباز شریف کو گرفتار کر لیا

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی شہبازشریف پر نیب ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کرسکا لیکن ہم عدالت کا فیصلہ تسلیم کرتے ہیں۔ ہمیں گرفتاری سے ڈر یا خوف نہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم گھبرانے والے نہیں کیونکہ ہمارا قائد نوازشریف ہیں۔ شہبازشریف کے گرفتاری کے بعد ن لیگ اپنے مستقبل کے منصوبوں کو دیکھے گی۔

خیال رہے کچھ دیر قبل ہی نیب نے شہبازشریف کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا ہے۔ شہبازشریف نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی تھی جس کو مسترد کر دیا گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں