ملک میں بجلی کا بحران نہ ہونے کے برابر ہے،احسن اقبال


اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جتنی بجلی ابتدائی 66 سالوں کے دوران ملک میں پیدا کی گئی اس سے دگنی ہم نے چار سال میں پیدا کی۔

اسلام آباد میں ’پیداوار،معیار اور جدت‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں 18،18 گھنٹے لوڈشیڈنگ تھی،آج بجلی کا بحران نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ابتدائی مرحلے پر توانائی اورانفرااسٹرکچر کے اہم منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جن کی بدولت پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہوا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ معاشی محاذ پر تمام تر چیلنجز کے باوجود پاکستان گزشتہ 13 سال کی بلند ترین شرح نمو حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں جو ملک دہشت گردی کا گڑھ اور دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا تھا اسے آج سرمایہ کاری کا محفوظ مرکز تصور کیا جارہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں تربیت یافتہ لیبر(مزدور)کا شدید فقدان ہے،سی پیک منصوبے سے لیبر کی تربیت ہورہی ہےاوران کی صلاحیتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ تجربہ اور ٹیکنالوجی منتقل ہورہی ہے جس سے ہمیں جدید ہنرمندی کے حصول میں مدد ملے گی۔

مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ سائنس،زراعت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنے ملک کی پوشیدہ صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے لئے سخت محنت اور مربوط منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کے استحکام اور عالمی سطح پر درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے سیاسی استحکام اور پالیسیوں میں تسلسل ناگزیر ہے۔

وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ آئندہ مالی سال میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لئے مختص 35 ارب روپے کے بجٹ کو بڑھا کر میری تجویز پر 45 ارب روپے کردیا گیا ہے۔

وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ اقوام عالم کےبرابر مقام حاصل کرنے کے لئے ہمیں بحیثیت قوم ’پیداوار،معیار اور جدت‘ پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔


متعلقہ خبریں