حکومت نے کرپٹ عناصر سے پانچ سو کروڑ روپے کی ریکوری کر لی ہے، مراد سعید



اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت نے کرپٹ عناصر سے پانچ سو کروڑ روپے کی ریکوری کر لی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک سے باہر رکھے گئے پیسے کو واپس لانے کے لئے ایک مشیر کو تعینات کیا گیا ہے، ٹی ٹی اور دوسرے ذرائع سے بھیجا گیا پیسہ بہت جلد واپس آئے گا۔

مراد سعید نے کہا کہ فرق صرف لیڈر شپ کا ہوتا ہے اگر لیڈر اچھا ہو تو ٹیم بھی اچھا پرفارم کرتی ہیں، اگر لیڈر زرداری اور نواز شریف ہو تو ملک کے ادارے خسارے میں ہی جاتے ہیں۔

این آر او کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان تمام لوگوں کے نام ابھی پردے میں رکھتا ہوں انہی لوگوں سے حکومت نے پانچ سو کروڑ کی ریکوری کر لی ہے ۔

پولیو کے قطروں کے حوالے سے ہمارے لوگوں کو بہت سے شکوک و شبہات ہیں،  بابر بن عطا 

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے کہا ہے کہ پولیو کے قطروں کے حوالے سے ہمارے لوگوں کو بہت سے شکوک و شبہات ہیں جنہیں ختم کرنی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں پولیو کا وائرس گٹر کے پانی کے باعث پھیلا ہے، پشاور میں اسکول اور پھر اسپتال میں بڑی تعداد میں بچوں کو لے کر آنا اور پھر وہ سارا ڈرامہ رچانا جسے میڈیا میں بھی دکھایا گیا ایک سازش تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سازش کے پیچھے چھپے لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اورقانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

بابر بن عطا نے کہا کہ اگر مجھے میڈیا مکمل کوریج دے تو تین کمپئن میں پاکستان کے اندر سے پولیو کا مکمل خاتمہ کر دوں گا اگر نہ ہوا تو میرا استعفی حاضر ہو گا۔

 پاکستانی فلم انڈسٹری کے لئے  چین کی صورت میں بڑی مارکیٹ ملی ہے، مومنہ دورید

سی ای او دورید پروڈکشن  مومنہ دورید نے کہا ہے کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ پرواز ہے جنون چین میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ریلیز کے ساتھ ہی پاکستان کی فلم انڈسٹری کے لئے ایک نئی اور بڑی مارکیٹ چین کی صورت میں ملی ہے جس سے بہت فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانی فلم انڈسٹری کو مدد کی ضرورت ہے اس لئے میں حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ فلمیں بنانے والوں کی مدد کریں، اور ملک میں سینما کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

 


متعلقہ خبریں