نیب کراچی کی کارروائی، ایس ایس پی نواب شاہ گرفتار


کراچی: نیب کراچی نے شارع فیصل پر ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے سابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس(ایس ایس پی) نواب شاہ رائے اعجاز کو گرفتار کر لیا ہے۔

ہم نیوز کو  ترجمان نیب سے موصول اطلاعات کے مطابق نیب کراچی نے نیب لاہور کے وارنٹ پر جمعے کے روز یہ کارروائی کی ہے۔

سابق ایس ایس پی رائے اعجاز پر سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کا الزام ہے جس کی وجہ سے ان کو نیب نے حراست میں لیا۔

رائے اعجاز سابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) گجرات کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

ترجمان نیب کا یہ بھی بتانا ہے کہ رائے اعجاز نے اپنی مدت ملازمت کے دوران گجرات میں 70 کروڑ روپے سے زائد کرپشن کی ہے۔ رائے اعجاز کے ساتھ چار سے پانچ ڈی پی اوز بھی ملوث پائے گئے ہیں۔

ترجمان نیب کا یہ بھی بتانا ہے کہ رائے اعجاز کی گرفتاری کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

نیب لاہور نے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا

دوسری جانب نیب لاہور نے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں سابق ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ افسر گجرات چن پیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ لاہور محمد افضل بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ نقدی محرر ڈی پی او آفس گجرات محمد فیاض کو بھی حراست میں لیا گیا جبکہ سابق کانسٹیبل ڈی پی او آفس گجرات رمیض احمد کو بھی گرفتار کیا گیا۔

نیب لاہور کے مطابق سینئر آڈیٹر اکاؤنٹس آفس گجرات محمد اشرف کو بھی حراست میں لیا گیا جبکہ مینیجر نیشنل بنک گجرات محمد آصف بٹ کو بھی گرفتار کیا گیا۔

نیب کے مطابق نیشنل بنک گجرات کے آپریشنل مینیجر شکیل احمد کو بھی حراست میں لیا گیا جبکہ صغیر انور اور غلام سرور کو بھی گرفتار کیا گیا۔

نیب کا مزید کہنا تھا کہ صغیر انور اور غلام سرور دونوں پٹرول پمپ مالکان ہیں۔


متعلقہ خبریں