الخدمت فاؤنڈیشن کا پروگرام “بنو قابل” پشاور میں بھی لانچ کر دیا گیا


راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے بعد “بنو قابل” پروگرام پشاور میں بھی لانچ کر دیا۔

الخدمت فاؤنڈیشن کا “بنو قابل” پروگرام کی پشاور میں لانچنگ تقریب میں نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن سمیت دیگر رہنماؤں اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کو دیکھ کر ایمان تازہ ہو گیا۔ نوجوان نسل کے لیے مثبت سوچنے اور عملی اقدامات کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پریشان حال نوجوانوں کے چہرے پر مسکراہٹیں بکھیرنے پر الخدمت فاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت اس نوبل کاز میں الخدمت کے ساتھ ہرطرح کا تعاون کرے گی۔

جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ بگاڑ میں ہم سب کا کردار ہے اور اب تعمیر میں بھی سب کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہو گا۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ 15 کروڑ نوجوان ملک وقوم کا اثاثہ ہیں لیکن بدقسمتی سے عدم توجہ کے باعث بہت بڑی تعداد نشے سمیت دیگر منفی سرگرمیاں کر رہی ہے۔ اس قومی اثاثے کو ضائع ہونے سے بچانے اور قوم کی ترقی کے لیے ہمیں جماعتی، مذہبی اور مسلکی تفریق سے بالاتر ہو کر اقدامات کرنا ہوں گے۔


متعلقہ خبریں