نیشنل ریسکیو چیلنج، گوجرانوالہ ریسکیو ٹیم نے میدان مار لیا، خیبر پختونخواہ کی دوسری پوزیشن


اسلام آباد: 12ویں نیشنل ریسکیو چیلنج میں گوجرانوالہ ریسکیو ٹیم فاتح قرار پاگئی، الخدمت فاؤنڈیشن کی ٹیم نے “ہائیٹ ریسکیو” مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام 3 روزہ نیشنل ریسکیو چیلنج میں پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، پولیس، این جی اوز اور یونیورسٹیز سے 19 ریسکیو ٹیموں نےحصہ لیا اور اختتامی تقریب میں ترکی، فلسطین، عمان اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک کے وفود نے بھی شرکت کی۔

الخدمت فاؤنڈیشن کی 18 رکنی ٹیم نے منیجرالخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام آصف جمال کی سربراہی میں نیشنل ریسکیو چیلنج میں ہائیٹ ریسکیو، ڈیپ ویل ریسکیو، واٹر ریسکیو، سوئمنگ اور ٹراما اینڈ میڈیکل ایمرجنسی میں حصہ لیا۔

ایمرجنسی سروسز اکیڈمی (ریسکیو 1122) میں تین روزہ منعقدہ بارھواں نیشنل ریسکیو چیلنج میں گوجرانوالہ ریسکیو ٹیم فاتح قرار پائی جبکہ خیبر پختونخواہ ساؤتھ کی ریسکیو ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

ریسکیو ٹیم گوجرانوالہ نے 19 ریسکیو ٹیموں میں بشمول پنجاب، خیبر پختونخواہ، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، ایلیٹ پولیس، یونیورسٹی آف لاہور، الخدمت فاؤنڈیشن اور ریسکیو سکاؤٹس آف سیالکوٹ ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے ٹراما اینڈ میڈیکل ایمرجنسی چیلنج، فائر فٹ چیلنج، واٹر ریسکیو چیلنج، ڈیپ ویل ریسکیو چیلنج، سوئمنگ چیلنج اور ہائیٹ ریسکیو چیلنج میں مقابلہ کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے الخدمت فاؤنڈیشن اور دیگر ٹیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ریسکیو چیلنج کا مقصد ملک بھر میں ایمرجنسی سروسز کے درمیان ہنگامی تعاون کو بہتر بنانا اور ایمرجنسی سروسز کے یکساں معیار قائم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو چیلنج ریسکیورز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرے گا تاکہ صحت مندانہ مقابلے کے ذریعے ہنگامی حالات اور آفات میں درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہو سکیں۔ اس سے ملک کے تمام صوبوں کی ایمرجنسی سروسز کی کوآرڈینیشن اور پیشہ ورانہ صلاحیت میں بھی اضافہ ہو گا۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام الخدمت فاؤنڈیشن کی ایک پہچان ہے۔ پاکستان میں آنے والے کسی بھی ناگہانی آفت اور حادثے میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ریسکیورز اور رضاکار اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے ہراول دستے کی صورت موجود ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان بری طرح متاثر ہوا ہے اور ایسی صورتحال میں ریسکیورز کے لیے ایسے پروگرامات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں