فیصل آباد: الخدمت فاؤنڈیشن نے فیصل آباد میں یتیم بچوں کے لیے 22 ویں الخدمت آغوش ہوم کا افتتاح کر دیا۔
فیصل آباد میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت یتیم بچوں کے لیے آغوش ہوم کے افتتاح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت آغوش ہومز کے نیشنل ڈائریکٹر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا کہ الخدمت آغوش ہومز کے منصوبے کا آغاز اٹک سے کیا گیا تھا جہاں 2005 کے زلزلے میں والدین سے محروم بچوں کے لیے ایک چھوٹا سا گھر بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اٹک کے بعد ملک بھر میں یتیم بچوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے الخدمت آغوش ہومز کے قیام کا سلسلہ شروع ہوا اور آج فیصل آباد میں 22ویں آغوش ہوم کا قیام عمل میں لایا گیا گیا ہے۔
ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا کہ الخدمت آغوش فیصل آباد 63 مرلے کے رقبے پر قائم عمارت میں بنایا گیا ہے جہاں ابتدائی طور پر 60 بچوں کو رہائش، خوراک، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ آغوش میں کمپیوٹر لیب، لائبریری، اسپورٹس گراؤنڈ، ان ڈور گیمز اور بچوں کی نفسیاتی نشوونما کے لیے مختلف لیکچرز اور تعلیمی دوروں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت آغوش فیصل آباد کے اگلے مرحلے کے لیے مخیر حضرات کے تعاون سے 44 کنال رقبہ حاصل کر لیا گیا ہے جہاں 250 یتیم بچوں کے لیے آغوش سمیت اسکول اور اسپتال کی تعمیر کا آغاز جلد کیا جائے گا۔
الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی نے کہا کہ الخدمت کا مشن ہے کوئی بھی یتیم بے سہارا نہ رہے ۔ یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 42 لاکھ سے زائد بچے یتیم ہیں، جن کی عمریں 17 سال سے کم ہیں اور ان میں بڑی تعداد ایسے بچوں کی ہے جنہیں تعلیم وتربیت، صحت اور خوراک کی مناسب سہولیات میسر نہیں۔ یہ بچے تعلیم و تربیت اور مناسب سہولیات نہ ملنے کے باعث معاشرتی اور سماجی محرومیوں کا شکار ہیں۔