نجم سیٹھی کا احسان مانی پر ہتک عزت کا دعویٰ

نجم سیٹھی کا احسان مانی پر ہتک عزت کا دعویٰ | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے بورڈ کے موجودہ چیئرمین احسان مانی پر ہتک عزت کا دعویٰ کردیا ہے۔

کرکٹ بورڈ نے اتوار کے روز 2014 سے 2018 تک کے بورڈ کے سربراہان کے تمام اخراجات کی تفصیل جاری کردی تھی۔

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی نے بحیثیت چیئرمین 7 کروڑ روپے اپنی ذات پر خرچ کر دیے تھے۔

نجم سیٹھی نے اس رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے ذاتی مخاصمت پر مبنی جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، یہ رپورٹ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے اتوار کی شب ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ وہ رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں اور اس کے خلاف عدالتی کارروائی کریں گے۔

دریں اثنا پیر کی صبح انہوں نے اپنے وکیل کی مدد سے انہیں ہتک عزت کا نوٹس بھجوادیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے چیئر مین کی چیثیت سے جتنی بھی مراعات لیں وہ سب بورڈ آف گورننس سے منظور شدہ تھیں۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی رپورٹ میں پیش کیے گئے اعداد و شمار حقیقت کے منافی ہیں اور خاص انہیں بدنام کرنے کی نیت سے ترتیب دیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں