مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی مظاہرین پر فائرنگ

بھارتی فوج مظاہرین پر فائرنگ کرتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، حالیہ واقعہ کے دوران قابض فوج کی فائرنگ سے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی قابض افواج کی بربریت کے باعث گزشتہ دو دنوں میں 10 نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا ہے، کشمیری نوجوانوں کو ضلع  برمولا کے علاقے سوپور میں سرچ آپریشن کی آڑ میں فائرنگ کر کے شہید کیا گیا۔

ضلع کلگام نہتے کشمیریوں کی شہادت پر مظاہرہ کرنے والے افراد پر بھی  بھارتی فوج نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں متعدد کشمیری زخمی ہوگئے ہیں، بھارتی قابض افواج کی جانب سے مظاہرین پر پیلٹس اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال بھی جاری ہے۔

حریت قیادت کی جانب سے شہید کیے گئے بے گناہ شہریوں کی شہادت پر نماز جمعہ کے بعد وادی میں مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جب کہ بھارتی فورسز کی جانب سے احتجاج اور مظاہرے روکنے کی غرض سے حریت قیادت کو نظر بند رکھا ہوا ہے۔

کشمیر میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز نے وادی کا محاصرہ کرکے کرفیو لگانے کے بعد انٹرنیٹ اور فون سروس بھی معطل کر دی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ کی آڑ میں بھارت کی جانب سے مقامی حکومتوں کا الیکشن کا ڈرامہ ناکام ہونے پر بھارتی فورسز جھنجھلاہٹ کا شکار دیکھائی دیتی ہے۔ بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی سمیت تحریک مزاحمت کی قیادت نے انتخابات کو ڈھکوسلہ قرار دیتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں