سعودی عرب سے چھ ارب ڈالرز کا پیکج ملا ہے، شاہ محمود قریشی

پاکستان کا قیام امن کے لیے امریکہ کے ساتھ مل کر مشترکہ کاوش کرنے کا عزم

فائل فوٹو۔–


اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو تین ارب روپے ڈپازٹ کے لیے ملے ہیں اور طے ہوا ہے کہ سعودی عرب تین سال کے لیے ادھار پر تیل دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے مجموعی طور پر چھ ارب ڈالر کا پیکج ملا ہے.

ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ماضی میں بھی ایک بار ایسا معاہدہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے پاکستان میں نئی آئل ریفانئری لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کے ادوار حکومتوں میں دو دو بار ادھار پر تیل دینے کی درخواست کی گئی تھی مگر سعودی عرب نے ان درخواستوں کو مسترد کردیا تھا۔

پاکستانی وزیرخارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اورانہوں نے امداد کے بدلے کوئی شرط بھی عائد نہیں کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب سے تعلقات کسی ایک ایونٹ کی وجہ سے نہیں ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جمال خاشقجی کے قتل کی مذمت کون نہیں کرے گا؟ ان کا کا کہنا تھا کہ قتل کا اقدام افسوسناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے سعودی عرب جانے پر اپوزیشن کا اعتراض بے جا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ  کانفرنس کا انعقاد خاشقجی کے قتل سے پہلے کی طے شدہ تھی۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے 24 لاکھ  سے زائد افراد سعودی عرب میں ملازمت پیشہ ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سعودی ویزہ فیس میں بھی حکومت کی درخواست پر کمی کی گئی ہے۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں پاکستانی وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران سے ہمارے تعلقات بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو پاکستان اور سعودی عرب کے اچھے تعلقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں