ایران میں مچھلیوں کی بارش، ویڈیو وائرل

Fish

تہران: ایران کے شہر یاسوج میں بارش کے ساتھ مچھلیاں بھی برسنے لگیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مغربی ایران کے شہر یاسوج کے شہری اس وقت حیران رہ گئے جب انہیں آسمان سے بارش کے ساتھ ساتھ مچھلیاں بھی برستی دکھائی دیں۔

آسمان سے مچھلیاں گرنے کے نایاب منظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس پر صارفین نے شدید حیرت کا اظہار کیا۔

ایرانی شہریوں کے شیئر کردہ ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہر کے اندر ٹریفک رواں دواں ہے اور بارش کے دوران سڑک پر درجنوں مچھلیاں گر رہی ہیں۔

ماہرین موسمیات کے مطابق مچھلیوں کا آسمان سے برسنا ایک نایاب موسمیاتی مظہر ہے جہاں چھوٹی مچھلیاں، مینڈک یا دیگر چھوٹے جانور بظاہر طوفان کے دوران آسمان سے غیر معمولی طور پر گرتے ہوئے دیکھے جاتے ہیں۔

اگرچہ یہ سننے میں عجیب لگ سکتا ہے لیکن ایسا ہونا دنیا میں مستند مانا جاتا ہے جس کی چند صورتیں ہیں۔

ایک ریسرچ کے مطابق شدید موسمی صورتحال کے دوران بننے والے آبی بگولے جو دریا یا سمندر کے اوپر بنتے ہیں۔ وہ پانی سے مچھلیوں کو اپنے اندر سمیٹ لیتے ہیں۔ جب مچھلیاں اوپر اٹھتی ہیں تو وہ بھنور کے ساتھ آگے بڑھتی ہوئی مخصوص مقام پر برستی ہیں جبکہ ایسا ہی کچھ ہوا کے بگولے یعنی ٹارنیڈو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں