وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دوسروں کو قرض دے گا، عمران خان



اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں سعودی عرب سے بہت زبردست پیکیج ملا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اب اگر آئی ایم ایف سے
قرض لیں گے تو اتنا بوجھ نہیں پڑے گا۔ حکومت کی پہلی ترجیح قرضوں کی واپسی ہے لیکن قرض واپس کرنے کے پیسے نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دوسروں کو قرض دے گا۔ حکومت عوام مفاد میں اقدامات کررہی ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ بیرون ملک پاکستانی سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں لیکن اس سے قبل ملک سے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی مزید دو ممالک سے بھی بات چیت چل رہی ہے اور ان سے بھی ایسے ہی معاہدوں کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یمن اور دیگر مسلمان ممالک کے درمیان ثالثی کا کردارادا کرنے کی بھی کوشش کررہے ہیں جو پاکستانیوں کے لیے کسی خوش خبری سے کم نہیں کیونکہ پاکستان کی کوشش ہے کے مسلمان ممالک کو اکٹھا کریں۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب سے قرض ملنے کے بعد معیشت کواستحکام ملے گا اور آئی ایم ایف سے بھی زیادہ قرض نہیں لینا پڑے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 1971 میں پاکستا ن کا قرض 30 ارب تھا لیکن 30 سے 40 برسوں میں 30 ارب سے چھ  ہزار ارب قرض لیا گیا اوریہ جماعتیں کہہ رہی ہیں کہ حکومت ناکام ہوگئی۔ انہوں نے سیایسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ  6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب قرض لینے والوں کو شرم نہیں آتی۔

ان کا کہنا تھا کہ دراصل حکومت پر دباؤ ڈالنے کی وجہ بھی یہی ہے کہ این آر او واپس لے لیا جائے لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ کوئی کچھ بھی کرلے سب کا احتساب ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ جب قرض لیتے ہیں غریب کو ہی اس کی قیمت چکانی پڑتی ہے اور گزشتہ حکومت نے یہی کیا لیکن اب عوام اور سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی کیونکہ حکومت ملکی مفاد میں اقدامات کررہی ہے اور سرمایہ کاری لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو سڑکوں پر آنا ہے تو کنٹینرز دینے کے لیےتیار ہیں۔ ابھی تو تمام اداروں کا آڈٹ کررہے ہیں جبکہ پاکستان میں کرپشن بہت کم ہو گئی ہے اور مزید بھی کم ہوگی۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم غربت کم کرنے کے لیے پورا ایک پیکیج لے کر آرہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم سے ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ وقتی طور پر کچھ مشکلات اور تکالیف برداشت کرنی پڑتی ہیں اور ابھی پاکستان کو کرپشن کے کینسر کے باعث تکلیف برداشت کرنی پڑ رہی ہے لیکن جب کرپشن ختم ہوجائے گا تو عوام کے لیے آسانی ہوگی۔


متعلقہ خبریں