معطل ارکان کی بحالی تک اسمبلی نہیں جائیں گے، حمزہ شہباز



لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ معطل ارکان کی بحالی تک اجلاس میں نہیں بیٹھیں گے۔

پنجاب اسمبلی سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپیکرپنجاب اسمبلی نے یکطرفہ کارروائی کی ہے، ان کی جعلی کارروائی کو نہیں مانتے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ایک دور میں نواز شریف اور پرویز مشرف ان کے لیڈر تھے، ہم انہیں غیرجانبدار سمجھتے تھے لیکن آج اسپیکر صاحب شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار نظر آئے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہیٰ نے خود کو نیب کا ترجمان قرار دیا ہے، وفاقی کابینہ میں بیٹھے کئی لوگوں پر مقدمات چل رہے ہیں جبکہ عمران خان کہتے ہیں کہ اپوزیشن میں مجرم بیٹھے ہیں ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے، ہم مولا جٹ اور نوری نت کے نعروں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ تمام جماعتیں کہتی ہیں حکومت کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے، آج یا کل اپوزیشن کو اس کے خلاف مل بیٹھنا ہو گا۔

پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ یہ کہاں کا نیا پاکستان ہے کہ ملکی معیشت کا بھٹہ بیٹھ رہا ہے، کسان کو ہماری حکومت نے جو سبسڈی دی تھی اسے موجودہ حکومت نے آتے ہی ختم کر دیا، ہم نے جنوبی پنجاب کا 350 فی صد بجٹ بڑھایا تھا۔

پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری تنازعہ ابھی تک جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا، حمزہ شہباز کی زیر صدارت کل صبح دس بجے ماڈل ٹاؤن میں اراکین اسمبلی کا اجلاس ہو گا جس میں حکومتی رویے اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں