ایرانی اہلکاروں کا اغوا دشمنوں کی کارروائی ہے، شاہ محمود


اسلام آباد: پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایرانی سرحدی کے سیکیورٹی اہلکاروں کے اغوا پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قانون نافذ کرنے والے ادارے مغویوں کی تلاش کے لیے متحرک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مضموم کارروائی پاک ایران کے بڑھتے ہوئے قریبی تعلقات کے دشمن عناصر کی ہے۔

ہم نیوز نے ترجمان دفتر خارجہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو فون کیا اورایرانی سرحدی محا فظوں کی گمشدگی کا معاملہ اٹھایا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران کو ایرانی اہلکاروں کو تلاش کرنے سے متعلق پاکستانی فورسز کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان کے وزیرخارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب سے کہا کہ اہلکاروں کی تلاش کے لیے مشترکہ کام کرنا ہوگا اور اس حوالے سے آپریشن کے لیے پاک، ایران افواج اور انٹیلی جینس ایجنسیاں رابطے میں ہیں جبکہ ایران ڈی جی ایم اوز کے مابین ہاٹ لائن پر رابطہ موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میر جاوہ سے ملحقہ سرحدی علاقے میں فضائی نگرانی مزید سخت کردی گئی ہیں۔ وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ کسی کو بھی اس قسم کی مضموم کارروائی کی اجازت نہیں دے گا۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے واقعات مشترکہ دشمن کی کوشش ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات خراب کرنا  ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے ایرانی سیکیورٹی اہلکاروں کی تلاش کے لیے پاکستانی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

ایرانی وزیرخارجہ نے بھی اس عزم کا اظہارکیا کہ پاکستان کے ساتھ تمام رکاوٹیں دور کرکے باہمی سرحد کو امن کی سرحد بنائیں گے۔

پاک ایران سرحد سے ایرانی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو مبیبہ طور پر گزشتہ روز مسلح افراد نے اغوا کرلیا ہے۔


متعلقہ خبریں