قومی اسمبلی: گیارہ حلقوں کے نتائج میں کیا فرق پڑا

قومی اسمبلی: 11 حلقوں کے نتائج میں کیا فرق پڑا|humnews.pk

اسلام آباد: ضمنی انتخابات 2018 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کی چار چار نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ق) نے دو اور متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) قومی اسمبلی کی ایک نشست پر کامیابی حاصل کر سکی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف عام انتخابات میں جیتی ہوئی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات میں ہار گئی ہے۔ ضمنی انتخابات میں ہاری ہوئی تین نشستوں میں سے دو نشستوں پر عام انتخابات میں عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی۔

پی ٹی آئی اپنی تین خالی کی ہوئی نشستوں پر ضمنی الیکشن میں بھی کامیاب رہی ہے۔ ان نشستوں میں اسلام آباد کا حلقہ این اے 53، راولپنڈی کا حلقہ این اے 63 اور کراچی کا حلقہ این اے 243 شامل ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات میں ہاری ہوئی دو سیٹیں واپس جیت لی ہیں جن میں لاہور کا حلقہ این اے 131 اور اٹک کا حلقہ این اے 56 شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کی گیارہ نشستوں پر ضمنی انتخابات کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔

این اے-35:

اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 سے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان نے کامیابی حاصل کی مگر حتمی طور پر انہوں نے میانوالی کی نشست کو قائم رکھا اور این اے 53 سمیت باقی چار نشستوں سے استعفیٰ دے دیا۔

ضمنی انتخابات میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق متحدہ مجلس عمل کے زاہد اکرم درانی نے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے نسیم علی شاہ دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے-53:

اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 سے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان نے کامیابی حاصل کی مگر حتمی طور پر انہوں نے میانوالی کی نشست کو قائم رکھا اور این اے 53 سمیت باقی چار نشستوں سے استعفیٰ دے دیا۔

ضمنی انتخابات میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے علی نواز عوان نے اس نشست سے  کامیابی حاصل کی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راجہ وقار احمد دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے-56:

اٹک کے حلقہ این اے 56 کی سیٹ پاکستان تحریک انصاف کے میجر طاہر صادق نے چھوڑی تھی۔ انہوں نے عام انتخابات میں حلقہ این اے 55 اور 56 دونوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ضمنی انتخابات میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ملک سہیل خان نے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ملک خرم علی خان دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے-60:

راولپنڈی کے حلقہ این اے 60 میں عام انتخابات سے کچھ  روز قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کے خلاف ایفیڈرین کیس میں عدالتی فیصلہ آنے کی وجہ سے اس حلقے میں انتخابات ملتوی کر دیے گئے تھے۔

ضمنی انتخابات میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے شیخ راشد شفیق نے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سجاد خان دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے-63:

راولپنڈی کے حلقہ این اے 63 کی سیٹ پاکستان تحریک انصاف کے غلام سرور خان نے خالی کی۔ غلام سرور خان عام انتخابات میں حلقہ این اے 59 اور 63 دونوں سے کامیاب ہوئے تھے۔

ضمنی انتخابات میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے منصور حیات خان نے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عقیل ملک دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے-65:

عام انتخابات میں حلقہ این اے 65 چکوال کی نشست پاکستان مسلم لیگ (ق) کے چوہدری پرویز الٰہی نے حاصل کی تھی لیکن اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے لیے انہوں نے قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ضمنی انتخابات میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے  چوہدری سالک حسین نے کامیابی حاصل کی جبکہ تحریک لیبک پاکستان کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے-69:

عام انتخابات میں گجرات کی یہ نشست  پاکستان مسلم لیگ (ق) کے چوہدری پرویز الٰہی نے حاصل کی تھی لیکن اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے لیے انہوں نے قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ضمنی انتخابات میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مونس الہی نے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عمران ظفر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے-103:

فیصل آباد کے حلقہ این اے 103 میں عام انتخابات سے قبل آزاد امیدوار مرزا محمد علی کے فوت ہونے کی وجہ سے الیکشن ملتوی کر دیے گئے تھے۔

ضمنی انتخابات میں اس حلقے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کےعلی گوہر نے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے محمد سعد اللہ دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے-124:

لاہور کے حلقہ این اے 124 سے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز شریف منتخب ہوئے تھے تاہم پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنے کے بعد انہوں نے اس نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ضمنی انتخابات میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی نے اس حلقے سے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے غلام محی الدین دوسرے نمبرپر رہے۔

این اے-131:

لاہور کے حلقہ این اے 131 سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان نے کامیابی حاصل کی مگر حتمی طور پر انہوں نے میانوالی کی نشست کو قائم رکھا اور باقی چار نشستوں سے استعفیٰ دے دیا۔

ضمنی انتخابات میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق نے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ہمایوں اختر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے-243:

کراچی کے حلقہ این اے 243 سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان نے کامیابی حاصل کی تاہم اس نشست سے انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ضمنی انتخابات میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عالمگیر خان نے کامیابی حاصل کی اور ایم کیو ایم پاکستان کے عامر چشتی دوسرے نمبر پر رہے۔


متعلقہ خبریں