منی لانڈرنگ، انور مجید کے دفتر پر چھاپہ میں اہم دستاویزات حاصل


کراچی: میگا منی لانڈرنگ کی تحقیقات کر نے والی تفتیشی ٹیم نے مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار ملزم انور مجید کی شوگر ملز کے دفتر میں  منگل کی رات چھاپہ مار کر اہم دستاویزات قبضہ میں لے لیں۔

ہم نیوز کے مطابق تفتیشی ٹیم نے چھاپہ کے دوران اہم دستاویزات اور سی سی ٹی وی ریکارڈنگ قبضہ میں لی اور دفتر سے جاتے وقت اپنے ہمراہ لے گئے۔ چھاپہ کراچی میں ہاکی اسٹیڈیم کے قریب واقع اومنی گروپ کے سربراہ  ملزم انور مجید کی شوگر ملز کے دفتر پر مارا گیا۔

چھاپہ کے دوران دفتر کی تلاشی لی گئی اور شوگر ملز سے متعلق موجود اہم دستاویزات، کمپیوٹر ریکارڈز اور حفاظتی کیمروں کی ریکارڈنگ قبضے میں لی گئیں تاہم اس دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ذرائع کے مطابق چھاپہ کے دوران علاقہ میں رینجرز کی نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم تین گھنٹے سے زائد دفتر میں موجود رہی۔ اس دوران چھان بین کی جاتی رہی اور دفتر میں موجود پرائیوٹ سیکیورٹی کمپنی کے ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپہ مارنے والی ٹیم میں نیب، ایف آئی اے حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شامل تھے۔

اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس کے ملزمان میں سے ایک انور مجید گرفتاری کے بعد جیل میں موجود ہیں۔ قید کے دوران انہیں عارضہ قلب کی وجہ سے طبی مرکز بھی منتقل کیا گیا تھا تاہم چیف جسٹس کے احکامات کے بعد علاج کی تاریخ طے نہ ہونے تک انہیں جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں