سپریم کورٹ میں عمران خان نااہلی کیس سمیت اہم مقدمات کی سماعت


اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی اور نندی پور پاور پلانٹ کیس سمیت اہم مقدمات کی سماعت آج ہوگی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے لیے نظر ثانی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے حنیف عباسی کی دائر کردہ درخواست 24 ستمبر کو خارج کر دی گئی تھی جس پر حنیف عباسی نے نظر ثانی کی درخواست دائر کی تھی جبکہ سپریم کورٹ نے سماعت کے لیے فریقین کو بھی نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔

نندی پور پاور پلانٹ اور رینٹل پاور میگا کرپشن اسکینڈل کیس کی سماعت بھی آج ہو رہی ہے جس میں سپریم کورٹ کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) کو ذمہ داران کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا گیا تھا جب کہ نیب کی جانب سے نندی پور پاور پروجیکٹ کی تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے۔

نیب کی جانب سے آج سپریم کورٹ میں تحقیقات میں پیشرفت سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے گی۔

سندھ میں بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینے سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت بھی آج ہو گی جب کہ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔

اسلام آباد سے کچی آبادیوں کا خاتمہ کیس، آئل گیس اور بجلی پر اضافی ٹیکس کیس اور نیب آفیسرعالیہ راشد دوبارہ بحالی کیس کی سماعت بھی آج ہو گی جب کہ این جی اوز فریم ورک کے ازخود نوٹس، کراچی نیوکلئیر پاور کمپلیکس کی توسیع کیس اور اسلام آباد میں کمسن گھریلو ملازم پر تشدد کیس کی سماعت بھی آج کی کاز لسٹ میں شامل ہیں۔

ائیرلائن کے ریٹائرڈ پائلٹس کی پنشن کیس، انتخابی عذرداریوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت بھی آج چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔

سابق سینٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت کے از خود نوٹس کی سماعت بھی آج ہی ہو گی۔ سپریم کورٹ نے فیصل رضاعابدی کے ٹی وی پر متنازع انٹرویو پراز خود نوٹس لے رکھا ہے جب کہ فیصل رضا عابدی نے یکم اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لی تھی۔

چیف جسٹس نے فیصل رضا عابدی کی استدعا پر ازخود نوٹس کی سماعت کے لئے دوسرا بینچ تشکیل دیا تھا اور اس کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کرے گا۔


متعلقہ خبریں