احتساب کو سیاسی انتقام کا رنگ دیا جا رہا ہے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف مقدمہ پاکستان تحریک انصاف نے نہیں بنایا، بدقسمتی سے احتساب کو سیاسی انتقام کا رنگ دیا جا رہا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں اداروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، پارلیمنٹ پر اس مسئلے میں بات کی جائے تاکہ اس کیس کے دونوں رخ عوام اور میڈیا کے سامنے جا سکیں۔

پاک بھارت مذاکرات کے حوالے سے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی کوشش رہی ہے کہ مذاکرات کامیاب نہ ہوں، بھارت ہمیشہ مذاکرات سے کتراتا ہے۔ بے جی پی کو اگلا الیکشن دکھائی دے رہا ہے اس لیے وہ بات چیت نہیں کر رہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نارمل چینل کار آمد ہے تو بیک ڈور چینل کی ضرورت نہیں، سابقہ حکومت کا ساڑھے چار سال نہ فرنٹ چینل تھا اور نہ ہی کوئی بیک چینل تھا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ نے مذاکرات کی پیش رفت کو سراہا تھا، زلمے زاد خلیل امریکی وفد کے ہمراہ بھی آئے تھے۔

افغانستان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ہمارے معاملات 17 سال کی کہانی ہے، خارجہ پالیسی کے محاذ پر حکمت عملی بنتی اور تبدیل ہوتی رہی، اوبامہ انتظامیہ اور صدر ٹرمپ نے بھی افغان معاملات پر حکمت عملی پر نظرثانی کی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج افغانستان کے مسئلے پر امریکہ اور پاکستان کے مؤقف میں یکسانیت ہے، ہم نے گستاخانہ خاکے، کشمیراور دہشت گردی کے مسئلے پر اپنا بہترین مؤقف پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنا مؤقف اس زبان میں پیش کیا جو پاکستان کے لوگ سمجھتے ہیں، ہم نے پاکستان کا مؤثر نقطہ نظر پیش کیا۔


متعلقہ خبریں