وفاقی وزیر صحت نے عملے کو بیرون ملک تربیتی کورسز سے روک دیا


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی صحت عامر محمود کیانی نے وزارت صحت کے افسران اور عملے کے بیرون ملک ٹریننگ پر پابندی عائد کر دی۔

وفاقی وزیر قومی صحت نے افسران اور عملے کے بیرون ملک ٹریننگ پر پابندی عائد کرنے کی انوکھی منطق بھی پیش کر دی۔

عامر محمود کیانی نے کہا کہ شعبہ صحت کے بیرون ملک تربیتی کورسز تکنیکی نوعیت کے ہوتے ہیں اس لیے ان کورسز میں پاکستانی سفارتی عملہ ہی شرکت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مشنز کو کانفرنس کے حوالے سے دستاویزات وزارت صحت فراہم کرے گی۔

وزارت صحت کے افسران نے وفاقی وزیر کے فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عجیب فیصلہ ہے، بیرون ملک ایڈز، ملیریا، ٹی بی کے افسران تربیت کے لیے بیرون ملک جاتے ہیں۔

وزیر صحت کے فیصلے پران کی وزارت اور دفتر خارجہ کے افسران نے بھی حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر متعلقہ افراد کی تربیتی کورسز میں شرکت کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

افسران نے وزیر قومی صحت کو فیصلے پر تحفظات سے آگاہ کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں