کابینہ میں مزید توسیع: پانچ وزراء، ایک وزیر مملکت نے حلف اٹھا لیا


اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کے تحت پانچ وفاقی وزراء اور ایک وزیر مملکت نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔

جمعہ کے روز وفاقی وزراء اور وزیر مملکت کے حلف کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کابینہ کے چھ نئے ارکان سے حلف لیا۔

ایوان صدر میں منعقد ہونے والی سادہ مگر پروقار تقریب میں اہم شخصیات شریک رہیں۔

علی امین گنڈا پور، فیصل واوڈا، اعظم سواتی، میاں محمد سومرو اور صاحبزادہ محبوب سلطان نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا جب کہ جنوبی پنجاب سے منتخب ہونے والی زرتاج گل نے وزیر مملکت کی حیثیت سے حلف لیا۔

آج حلف اٹھانے والے وفاقی وزراء میں شامل میاں محمد سومرو نے اس سے قبل وزیرمملکت بنائے جانے پر حلف نہیں اٹھایا تھا۔ وہ کابینہ میں گزشتہ توسیع کے لیے منعقدہ حلف برداری تقریب میں شریک نہیں ہوئے تھے۔

قبل ازیں سامنے آنے والی خبر میں کہا گیا تھا کہ ذرائع کے مطابق محمد میاں سومرو کو وفاقی وزیر برائے نجکاری، علی امین گنڈاپور کو امور کشمیر اور شمالی علاقہ جات، اعظم سواتی کو سائنس و ٹیکنالوجی اور زرتاج گل کو وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی کا قلمدان ملنے کا امکان ہے۔

قبل ازیں گیارہ ستمبر کو بھی وفاقی کابینہ میں چھ وزرا کی شمولیت ہوئی تھی جن میں مراد سعید، محمد شبیر علی، حماد اظہر، عمر ایوب، علی محمد خان اور علی زیدی شامل تھے۔

وفاقی کابینہ کی تعداد

اب تک وفاقی کابینہ میں شامل وزرا، وزرائے مملکت، مشیروں اور معاونین خصوصی کی تعداد 32 تھی، مزید چھ ارکان کے اضافہ سے یہ تعداد 38 ہو گئی ہے۔ حالیہ اضافہ کے بعد وفاقی وزیروں کی تعداد بڑھ کر 24، وزرائے مملکت چھ اور معاونین و مشیروں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے۔

25 جولائی کے اتنخابات کے بعد پاکستان میں قائم ہونے والی تحریک انصاف کی اتحادی حکومت کی ابتدائی کابینہ 20 ارکان پر مشتمل تھی۔ اس میں 15 وفاقی وزراء اور پانچ مشیر شامل تھے۔


متعلقہ خبریں