بچوں کو اسمگل کرنے کی کوشش ناکام


میانوالی: پنجاب پولیس نے 22 بچوں کو غیرقانونی طریقے سے براستہ میانوالی ترکی لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک وین کو کچہ پکہ چیک پوسٹ پر روک کر اس کی تلاشی لی گئی تو وہ بچوں سے بھری ہوئی نکلی۔

ذرائع کے مطابق بچوں کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے جس کے بعد انہیں نامعلوم مقام منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بچوں کی عمریں 10 سے 17 سال کے درمیان ہیں۔

ڈی پی او میانوالی سید کرار حسین کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس واقعے سے دو روز قبل بھی اسی مقام سے 19 بچے برآمد کیے گئے تھے۔

اس سے پہلے بھی ایف آئی اے نے میانوالی میں پولیس کی مدد سے ایران اور ترکی جانے والے 45 ملزمان کو حراست میں لیا تھا۔ ان میں 22 بچے 7 بس ملازم اور 4 ایجنٹس شامل تھے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق پکڑے جانے والے ملزمان کی نشاندہی پر گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں چھاپے مارے گئے، دوران تفتیش معلوم ہوا تھا کہ انسانی اسمگلنگ کے لیے ایک اور بس میانوالی کی طرف روانہ ہوئی  ہے۔


متعلقہ خبریں