غیر جمہوری قوتوں کا ساتھ نہیں دیں گے ، رانا ثنااللہ


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کسی بھی غیر جمہوری قوت کا ساتھ نہیں دے گی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے سابق وزیر قانون پنجاب رانا مشہود کے بیان کی تردید کی اور کہا کہ کسی کی انفرادی طور پر کی گئی بات کو پارٹی سے منسوب نہیں کیا جا سکتا، اس معاملہ میں جماعتی سطح پر کوئی بات نہیں کی گئی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن غیرجمہوری طور پر کسی حکومت کو گرانے اور اس کی جگہ خود حکومت بنانے کے حق میں نہیں، ہم جمہوری اداروں اور سویلین بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں اور ووٹ کے ذریعے ہی اقتدار کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیرجمہوری قوتوں نے انتخابات میں دھندلی کی اور جعلی مینڈیٹ ایسی جماعت کو دلوایا گیا جسے عوامی حمایت حاصل نہیں ہے۔

اس سے قبل ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن اور اداروں کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، اگلے دو ماہ میں پنجاب میں ان کی حکومت ہو گی تاہم بعد میں انہوں نے اپنے اس بیان کی تردید کر دی تھی۔


متعلقہ خبریں