العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ملتوی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت وکیل پیش نہ ہونے کے سبب کل بروز جمعرات تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

کیس کی سماعت احتساب عدالت نمبر دو کے جج محمد ارشد ملک کررہے تھے۔ سماعت کے آغاز میں معزز عدالت کو بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث ناساز طبیعت کے باعث پیش نہیں ہو سکے ہیں۔

عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ایک روز کے لیے ملتوی کردی۔

احاطہ عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے نواز شریف سے اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی سے متعلق سوال کیا جس کے جواب میں سابق وزیراعظم خاموش رہے۔

گزشتہ روز عدالت کی جانب سے اظہار برہمی کے بعد آج سابق وزیراعظم عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

آئندہ سماعت پر العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ محبوب عالم کے بیان پر جرح کی جائے گی۔ قبل ازیں گواہ محبوب عالم نے اپنا بیان مکمل قلمبند کرایا تھا۔


متعلقہ خبریں