تفتیش کے لیے خود جاؤں گا،فیصل رضا عابدی


کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی نے کہا ہے کہ توہین عدالت کے معاملہ میں آئندہ 48 گھنٹوں میں خود چل کر انویسٹی گیشن کے لیے جاؤں گا۔

ہم نیوز کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ ہمیشہ قانون کا احترام کیا ہے اور کرتا رہوں گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کے احترام سے ہی پاکستان کو مستحکم کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رہنما سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف  چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے  پر21 ستمبر کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر سپریم کورٹ کے ترجمان شاہد حسین کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کی گئی تھی۔

مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 228،500، 505 دو، 506 اور 34 کے تحت درج کیا گیا۔ مقدمے میں  انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 – اے بھی شامل کی گئی ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں فیصل رضا عابدی کے خلاف پہلے بھی توہین عدالت کا مقدمہ زیرالتوا ہے۔ اس مقدمے میں بھی فیصل رضا عابدی پر الزام ہے کہ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی۔


متعلقہ خبریں