سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی رکن اسمبلی کے خلاف احتجاج


لاہور: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کے خلاف احتجاج کرنے والوں نے چیف جسٹس سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

اتوار کے روز راجن پور کے رہائشیوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی سردار نصراللہ خان کے خلاف احتجاج کیا۔

مظاہرین نے الزام لگایا کہ سردار نصر اللہ خان نے غریب لوگوں کی 848 ایکڑ اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کے گھروں میں اب فاقوں کی نوبت آ گئی ہے۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ سابق ضلعی ناظم اور موجودہ ایم این اے نے نو اور دن محرم الحرام کے دوران ناجائز قبضہ کیا اور زمین پر بنے ان کے گھر مسمار کر دیے۔

متاثرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ قبضہ مافیا سے اُن کی زمین واگزار کرائی جائے اور رکن قومی اسمبلی سردار نصر اللہ خان کے خلاف نوٹس لے کر کارروائی کا حکم دیا جائے۔

زمین پر قبضہ سے متاثر ہونے والوں کا کہنا ہے کہ مقامی سردار 41 برسوں سے ان کا حق روکے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سرداروں کے ظلم اور پولیس گردی سے نجات دلانے کی اپیل بھی کی۔

ہم نیوز کے مطابق بااثر سیاستدان کی جانب سے زمینوں پر قبضہ کے متاثرین نے دیگر ذیلی عدالتوں سے رجوع کیا، مقدمات جیتنے کے باوجود انہیں انصاف نہیں مل سکا جس کے باعث وہ دادرسی کے لیے عدالت عظمی پہنچے ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ آج اتوار کو بھی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کر رہا ہے۔ جس میں سائلین کے مقدمات بھی سنے جائیں گے۔

عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت دیگر افسران کو طلب کر رکھا ہے۔

 


متعلقہ خبریں