سیاحت: وزیراعظم ٹاسک فورس کے سربراہ ہوں گے


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاسک فورس کی سربراہی وزیراعظم عمران خان خود کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت سیاحت کے فروغ سے متعلق ہونے والے اہم اجلاس میں ٹاسک فورس کے قیام کا  فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں صوبوں کے متعلقہ نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹاسک فورس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمائندے بھی شامل ہوں گے۔

ہم نیوز کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں شریک صوبائی نمائندوں کو اپنے اپنے صوبوں میں سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

وزیراعظم عمران خان کا اجلاس کے شرکاء سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے خوبصورت ترین ممالک میں سے ایک اور سیاحتی مقامات کی دولت سے مالا مال ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے صوبوں کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران اپنے علاقے کے سیاحت کے فروغ کے لیے اپنی تجاویز پیش کردیں۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے واضح کیا کہ سیاحت کے فروغ سے مقامی افراد کو روزگار میسر آئے گا، ملکی معیشت میں بہتری آئے گی اور قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنےسے قبل خیبرپختونخوا اور ملحقہ علاقوں کے سیاحتی مقامات سے اہل وطن سمیت دنیا کو روشناس کراچکے ہیں۔ 

دنیا کی نگاہوں سے اوجھل رہنے والے سیاحتی مقامات کو وزیراعظم نے ازخود وہاں قیام کرکے لوگوں کو آگاہی دلائی جس پر لوگ ان کی جانب متوجہ ہوئے۔ 

 


متعلقہ خبریں