نواز شریف اور مریم نواز کو این آر او نہیں ملے گا، شیخ رشید


اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی گھٹنوں کے بل این آر او مانگ رہے ہیں لیکن عمران خان سے انہیں کچھ نہیں ملے گا۔ 

سابق وزیراعظم نواز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ نواز شریف غلطیوں کا مجموعہ تھے، کرپشن سے زیادہ بڑی غلطی کوئی نہیں ہو سکتی۔ نواز شریف کی سیاست دفن ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کبھی بھی بے نظیر بھٹو نہیں بن سکتیں، ان دونوں باپ پیٹی کو اصل خوف ملک سے لوٹی ہوئی دولت کے چھن جانے کا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اگر دروازے کھولتی تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مزید لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہونے کو تیار تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت میں رہنا بہت مشکل کام ہے، 100 دن بہت کم ہوتے ہیں لیکن پھر بھی دسمبر 30 تک ریلوے کے حالات کو بہتری کی طرف لے آئیں گے۔ کراچی اور حیدرآباد میں شٹل ٹرین چلانے کا ارادہ رکھتا ہوں۔

پسندیدہ قلمدان کی بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ان کی خواہش اللہ اور عمران خان جانتے تھے لیکن اگر وہ پوری نہیں ہوئی تو وہ ناراض ہو کر نہیں بیٹھ سکتے۔ عمران خان  اگر انہیں سمندر کی لہریں گننے کی وزارت بھی دیتے تو وہ بھی سنبھال لیتے۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت محنت کر رہے ہیں، وہ دنیا کے بہترین لیڈروں میں شامل ہیں۔

وزارت میں موجود لوگوں کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستانی معاشرے میں کام کا رجحان ختم ہو چکا ہے، ہر آدمی صرف موقعے کی تلاش میں ہے۔

وزیرریلوے کا کا بتانا تھا کہ انہوں نے ریلوے میں ابھی تک کسی کا تبادلہ نہیں کیا لیکن سب کا کام دیکھنے کے بعد وزیراعظم کے تعاون سے کوئی ایکشن لیں گے۔

ادارے کی نجکاری کی افواہوں کو رد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں ہے، مفاد پرست لوگ افواہیں پھیلا رہے ہیں حالانکہ ایسا کرنے سے ان کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہو گا۔


متعلقہ خبریں