پیٹرولیم مصنوعات:عوام کے لیے ایک اور مہنگائی بم


اسلام آباد : یکم اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دس روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت توانائی کے پٹرولیم  ڈویژن کو ارسال کی ہے۔

اوگرا کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری میں یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دس روپے فی لیٹراضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں چھ روپے 30 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں آٹھ روپے 50 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں چار روپے تک اضافہ متوقع ہے۔ 

ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت بھی دس روپے فی لیٹر تک بڑھنے کا امکان ہے۔

عمران خان حکومت نے پانچ دن قبل قومی اسمبلی میں منی بجٹ پیش کیا جس کے تحت موبائل فونز، 1800 سی سی سے گاڑیوں، کھانے پینے کی درآمد شدہ مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔

اعلان کردہ حکومتی بجٹ کے بعد سگریٹوں کے نرخ بڑھے ہیں، ڈائپرز اوربچوں کے دودھ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور گیس کے نرخ میں بھی اضافے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ کے دعوے کے برعکس منی بجٹ سے براہ راست عام آدمی متاثر ہورہا ہے۔ ایسے میں اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے تو یقیناً مہنگائی کی ایک نئی لہر پیدا ہوگی اوربراہ راست تنقید کی زد میں حکومت آئے گی۔


متعلقہ خبریں