واشنگٹن: امریکہ میں تعینات چین کے سفیر سوئی تیانکائی نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کو اپنے تعلقات میں بہتری لانے کے بعد باہمی اعتماد اور تعاون کی فضا قائم کرنی ہوگی۔
جمعرات کو واشنگٹن میں منقعدہ چین کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیجنگ کے سفیر کا کہنا تھا کہ چین اور امریکہ میں کچھ چیزیں مختلف ہیں کیونکہ دونوں ملکوں کی ثقافت اور سماجی نظام مختلف ہیں۔
چینی خبررساں ادارے ژن ہوا کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ دونوں ملکوں کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے باہمی تعلقات کو صحت مندانہ اور مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ چین اور امریکہ باہمی احترام اور تعاون سے دو بڑی طاقتوں کے درمیان تعلقات کا ایک نیا ماڈل قائم کر سکتے ہیں جس کے ذریعے دونوں ممالک کی خوشحالی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ یہ بھی قابل ذکر نہیں ہے کہ چین کی ترقی نے امریکہ سمیت دنیا بھر میں ترقی کی بے مثال راہیں ہموار کی ہیں۔
گزشتہ روز واشنگٹن میں بانی چین کی سالگرہ کی تقریب میں تقریباً 600 افراد نے شرکت کی تھی۔