دبئی: ایشیا کرکٹ کپ 2018 کے سپر فور مرحلے کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، ایونٹ کے اہم مرحلے میں آج جمعہ کو دو اہم میچز کھیلے جائیں گے۔
پہلے میچ میں گروپ اے کی پہلی پوزیشن کی ٹیم بھارت کا مقابلہ گروپ بی کے دوسرے نمبر کی ٹیم بنگلہ دیش سے ہو گا جب کہ دوسرے میچ میں گروپ بی کی پہلی پوزیشن کی ٹیم افغانستان کا مقابلہ گروپ اے کی دوسری پوزیشن کی ٹیم پاکستان سے ہو گا۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے سپر فور مرحلے کا شیڈول تبدیل کیے جانے کے بعد بھارت اور بنگلہ دیش کا میچ دبئی میں جب کہ پاکستان اور افغانستان کا میچ ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
افغانستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے، ذرائع کے مطابق محمد عامر اور فہیم اشرف کو افغانستان کے خلاف میچ میں ڈراپ کر کے ان کی جگہ شاہین آفریدی اور حارث سہیل کو موقع دیا جائے گا۔
ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے دونوں میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہوں گے۔
گزشتہ روز کھیلے گئے گروپ میچ میں افغانستان نے بنگلہ دیش کو 136 رنز سے اپ سیٹ شکست دی تھی۔ گروپ بی میں موجود بنگلہ دیش اور افغانستان نے سری لنکا کو شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
گروپ اے کے اسکور بورڈ پر بھارت چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔
گروپ بی میں بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد افغانستان چار پوائنٹس کےساتھ پہلی اور بنگلہ دیش دو پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔