نعیم الحق کی وزیر اعظم کی جانب سے دوستوں کو نوازنے کے تاثر کی نفی


اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے اس تاثر کی سختی سےتردید کی ہے کہ عمران خان اپنے ذاتی دوستوں کو نواز رہے ہیں اورعہدے دے رہے ہیں۔

جمعرات کو سامنے آنے والے اپنے ایک بیان میں نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے دوستوں کو حکومت میں عہدے دینے کا تاثر بالکل غلط ہے۔

اپنے انتخاب کا دفاع کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 1984 میں تحریک استقلال سے سیاست شروع کی، 1988 میں کراچی سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا۔ وہ تحریک انصاف کے پہلے پانچ بانی کارکنوں میں سے ہیں۔

حال ہی میں وزیر اعظم کی جانب سے اپنے ذاتی دوست سید زلفی بخاری کو معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز مقرر کرنے پرانہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس تقرری کے بعد مخالفین نے کہا تھا کہ عمران خان بھی اپنے ذاتی دوستوں کو نواز رہے ہیں۔

زلفی بخاری پاکستانی نژاد برطانوی شہری اور کاروباری شخصیت ہیں، وہ موجودہ وزیراعظم عمران خان کے ذاتی دوست ہیں۔   

گزشتہ مہینے زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا تھا، زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش نیب نے کی تھی۔ لندن میں مستقل بنیادوں پر رہائش رکھنے والے زلفی بخاری کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ذاتی اورانتہائی قریبی دوستوں میں شمار ہوتے ہیں۔

زلفی بخاری کا نام اس وقت بھی ذرائع ابلاغ میں شہ سرخیوں میں رہا جب عمران خان نجی پرواز سے عمرے کی ادائیگی کی خاطر سعودی عرب جاتے ہوئے اپنے دوست کو ہمراہ لے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں