لندن: محترمہ بے نظیر بھٹو کی چھوٹی بہن صنم بھٹو نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر حسین نواز سے لندن میں تعزیت کی ہے۔
صنم بھٹو لندن میں شریف خاندان کی رہائش گاہ ہارلے اسٹریٹ پہنچیں تو پیپلزپارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کلثوم نواز کی وفات پر پاکستان کی طرح لندن میں بھی لوگ بڑی تعداد میں تعزیت کے لیے آ رہے ہیں۔
تین بار پاکستان کی خاتون اول رہنے والی کلثوم نواز گیارہ ستمبر کو طویل عرصہ علیل رہنے کے بعد لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں انتقال کر گئی تھیں۔
بیگم کلثوم نواز کی میت لندن سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لاہور پہنچائی گئی۔ ان کی نماز جنازہ 14 ستمبر کو ادا کی گئی جب کہ رسم قل اتوار شام پانچ بجے جاتی امرا میں ہو گی، قل خوانی کا انتظام شریف میڈیکل سٹی کے گراؤنڈ میں کیا جائے گا۔
نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو کلثوم نواز کے جنازہ و تدفین میں شرکت کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کلثوم نواز کی میت وصول کرنے کے لیے شریف میڈیکل سٹی آئے تھے۔ میت کو شریف میڈیکل کمپلیکس کے سرد خانے میں پہنچانے کے بعد نواز شریف کو واپس جاتی امرا منتقل کر دیا گیا تھا۔