کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ ابھی تو حکومت کا ہنی مون پیریڈ بھی پورا نہیں ہوا اور ان کے چہرے سے میک اپ اترنا شروع ہو گیا ہے۔
میڈیا کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پہلے 25 دنوں میں ہی اپنے وعدوں سے مکر گئے ہیں، دنوں میں تبدیلی لانے والے اب کہتے ہیں کہ ملک چلانے کیلئے پیسے نہیں ہیں۔ 100 دن کا وعدہ تھا اور پہلے ماہ میں ہی اس عرصے کو 730 دنوں تک بڑھا دیا ہے۔
سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قوم کو چند دنوں میں حالات بہتر کرنے کے خواب دکھائے تھے مگر اب واضح ہوتا جا رہا ہے کہ وہ قوم کے ساتھ جھوٹے وعدے اور غلط بیانیاں کرتے رہے ہیں۔
سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ سادگی کے نام پر ایک اور ڈھونگ رچا کر عوامی نمائندوں کے منصب کی توہین کی جا رہی ہے، پہلے کہا گیا کہ پروٹوکول نہیں لیں گے اور اب تمام ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔