پشاور میں ٹریفک وارڈن پر تشدد کرنے والے شہری پر مقدمہ درج


پشاور: صوبائی دارلحکومت میں کچھ دن پہلے ٹریفک وارڈن پر تشدد کرنے والے شہری کے خلاف کار سرکار میں مداخلت، سرکاری اہلکار پر تشدد سمیت نوسربازی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، ملزم کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ 

پشاور میں بزرگ ٹریفک وارڈن پر ایک شہری کی تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد انسپکٹر جنرل پولیس ( آئی جی ) خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔ 

آئی جی کے احکامات کے بعد پولیس نے گزشتہ روز تشدد میں ملوث شہری کو گرفتار کر لیا، ملزم نے تفتیش کے دوران پولیس کو بتایا کہ وہ وکیل نہیں بلکہ سرکاری کالج کا اسسٹنٹ پروفیسر ہے۔

پولیس نے ابتدائی تفتیش مکمل کرنے کے بعد ملزم محمد ریاض کے خلاف کار سرکار میں مداخلت، سرکاری اہلکار پر تشدد سمیت نوسربازی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کردیا جسے آج جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائےگا۔

ملزم ریاض ٹریفک وارڈن پر تشدد کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا تاہم ہم نیوز کی خبر پر آئی جی پولیس خیبرپختونخوا نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا جس پر پولیس نے اسے پشاور کے علاقے موسی زئی سے گرفتار کرلیا تھا۔ 


متعلقہ خبریں