بیگم کلثوم نواز کی رسم قل کل جاتی امرا میں ہوگی


لاہور۔ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی رسم قل کل اتوار کو جاتی امرا میں ہوگی، رسم قل کےحوالےسے جاتی امرا میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

کلثوم نواز کی رسم قل جاتی امرا میں عصر سے مغرب کے درمیان ہو گی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، اُن کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر بھی جاتی امرا میں موجود ہیں۔ جنہیں کلثوم نواز کی وفات پر پانچ روز کے لیے پیرول پر رہائی ملی ہے۔

نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن محمد صفدر کا پیرول کا وقت پیر کو شامل چار بجے ختم ہو گا، جس کے بعد نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو جاتی امرا سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

ہفتے کو بھی نواز شریف سے تعزیت کے لیے  آنے والے سیاسی اور سماجی رہنماؤں اور زندگی کے مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

بیگم کلثوم نواز کو جمعہ کے روز جاتی امرا میں سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔ سابق خاتون اول کی تدفیق نواز شریف کے والد میاں شریف کی قبر کے ساتھ کی گئی، بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ معروف عالم دین اور مبلغ مولانا طارق جمیل نے پڑھائی تھی۔ 

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )، پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے وفود نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ پی ٹی آئی کے وفد کی سربراہی گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کی جب کہ اُن کے ساتھ صوبائی وزیر میاں محمود الرشید، وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان اور صوبائی وزیر اسلم اقبال بھی موجود تھے۔

پیپلزپارٹی کے وفد میں خورشید شاہ اوریوسف رضا گیلانی شامل تھے ۔ نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی تھی۔

قبل ازیں بیگم کلثوم نواز کی میت لندن سے پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچائی گئی تھی، جس کے بعد ائیر پورٹ سے میت کو ایمبولینس کے ذریعے شریف میڈیکل سٹی منتقل کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں