فرانسیسی صدر کا عمران خان سے رابطہ، پاکستان آنے پر آمادہ


اسلام آباد: فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کر کے انہیں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔

پاکستانی وزیراعظم کی جانب سے ایمانوئل میکرون کو دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی جس پر انہوں نے آمادگی ظاہر کی۔

دونوں رہنماؤں کی گفتگو میں سیاسی مذاکرات کی اہمیت، توانائی، تجارت اور اقتصادی امور میں تعاون جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔

فرانسیسی صدر نے  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت بھی کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں فرانس کی سرمایہ کاری اور تجارتی پیش رفت کو سراہا اور مزید سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے فرانسیسی صدر کو خطے، افغانستان اور کشمیر کی صورت حال کے متعلق بھی آگاہ کیا۔

کچھ عرصہ قبل پاکستانی میڈیا کے بڑے حصے میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ عمران خان نے اپنی مصروفیت کے باعث فرانسیسی صدر کی کال سننے سے معذرت کر لی تھی تاہم بعد میں وزارت خارجہ نے اسے غلط خبر قرار دیا تھا۔


متعلقہ خبریں