اسلام آباد: صفا گولڈ مال کے دو فلور سیل

صفا گولڈ مال کے دو فلور سیل کر دیے گئے | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی( سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں واقع صفا گولڈ مال کے دو  فلور سیل کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق دونوں فلور غیر قانونی طورپر تعمیر کیے گئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق سی ڈی اے حکام کا مؤقف ہے کہ شاپنگ مال مالکان کو غیر قانونی فلورازخود گرانے کی ہدایت کردی گئی ہے بصورت دیگر دونوں فلورز کو نیلام کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کا جوائنٹ آپریشن گزشتہ کئی دن سے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ہے۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ  شہریار آفریدی کررہے ہیں۔ سی ڈی اے کے 350 اہلکاروں سمیت وفاقی پولیس، ایلیٹ فورس اور اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی آپریشن میں شریک ہیں۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن میں غیر قانونی طور پر قائم شادی ہال، ہوٹلز، کار شورومز اور ہاسٹلز سمیت کئی عمارتوں کو گرایا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران مزاحمت پر 20 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

سی ڈی اے نے غیر قانونی عمارتوں کے مالکان کو حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر وضاحت طلب کی تھی۔


متعلقہ خبریں