بیگم کلثوم نواز کی زندگی پر ایک نظر



اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کی سابق صدر اور پاکستان کی سابق خاتون اول، کلثوم نواز 1950 میں ایک کشمیری گھرانے  میں پیدا ہوئیں، ان کا تعلق معروف پہلوان  گاما پہلوان کے خاندان سے تھا۔

تین مرتبہ پاکستان کی خاتون رہنے والی کلثوم نواز نے ابتدائی تعلیم مدرسہ البنات سے حاصل کی اس کے بعد لیڈی گریفن اسکول سے میٹرک کیا۔ لاہور کی معروف درسگاہ اسلامیہ کالج سے ایف ایس سی، جب کہ بی ایس سی کی ڈگری ایف سی کالج لاہور سے  حاصل کی۔

محترمہ کلثوم نواز جس دوران پنجاب یو نیورسٹی سے اردو میں ایم اے کر رہی تھیں، اس دوران ان کی منگنی سابق وزیراعظم نواز شریف سے طے پا گئی تھی۔ ان کے بڑے بھائی عبدالطیف کی شادی بھی شریف خاندان میں ہوئی تھی اور یہی رشتہ داری اپریل 1971 میں نواز شریف سے کلثوم نواز کی شادی کی وجہ بنی۔

کلثوم نواز کی شخصیت ایسی تھی کہ شریف خاندان کے بدترین مخالف بھی ان کے گن گاتے تھے۔ سیاست میں دلچسپی نہ ہونے کے سبب انہوں نے امور خانہ داری کو ترجیح دی، لیکن 1999  میں جنرل پرویز مشرف کے اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے اپنے خاوند نواز شریف کی رہائی کی مہم چلانے کے لئے سیاسی میدان میں فعال کردار ادا کیا۔

نواز شریف کی جلاوطنی کے دور میں انہیں مسلم لیگ ن کی قائم مقام صدر بنایا گیا، جس کے بعد دو برس تک وہ پارٹی سربراہی کی خدمات سرانجام دیتی رہیں۔

بیگم کلثوم نواز اپنے شوہر نواز شریف اور دیور شہباز شریف کے ہمراہ۔ فوٹو مریم نواز
بیگم کلثوم نواز اپنے شوہر نواز شریف اور دیور شہباز شریف کے ہمراہ۔ فوٹو مریم نواز

طبیعت کی خرابی کے سبب گزشتہ برس لندن منتقل کی گئی کلثوم نواز نے ہارلے کلینک میں اپنی آخری سانس لی تو وہ زندگی کی 68 بہاریں دیکھ چکی تھیں۔ اسی طبی مرکز میں علاج کے دوران 2017 میں انہیں کینسر کا مرض تشخیص کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں