شانگلہ : خیبرپختونخوا ( کے پی ) کے ضلع شانگلہ کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 23 پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شوکت علی یوسفزئی نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
غیرحتمی، غیرسرکاری نتائج کے مطابق شوکت علی یوسفزئی 42 ہزار ایک سو 16 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے، ان کے مدمقبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد رشاد خان 22 ہزار تین سو 15 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 23 شانگلہ کے حلقے میں کُل ووٹرز کی تعداد دو لاکھ پانچ سو 55 تھی جن میں مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار آٹھ سو 27 ہے جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 86 ہزار سات سو 28 ہے۔
عام انتخابات کے دوران شانگلہ کے حلقے میں خواتین کے دس فیصد سے بھی کم ووٹ کاسٹ ہونے پر الیکشن کمیشن نے انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا تھا جس کے بعد یہاں ضمنی انتخابات کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس سے پہلے شوکت یوسف زئی نے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے سے قبل خیبرپختونخواہ حکومت کے ترجمان کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔