پشاور: خیبر پختونخوا ( کے پی ) میں تاحال دس اہم محکمے وزراء سے محروم ہیں جس کے باعث سرکاری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی حکومت نے حلف اٹھانے کے بعد گیارہ وزراء کی تقرری کر کے ایک ایک محکمہ اُن کے حوالے کیا تھا تاہم محکمہ تعلیم، محکمہ داخلہ، محکمہ اطلاعات و نشریات، محکمہ پی اینڈ ڈی اور ایکسائز سمیت کئی اہم محکمے وزراء کے بغیر چلائے جا رہے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق کے پی کے اہم محکمے وزراء کے بغیر چلائے جانے کے باعث سرکاری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں اور درجنوں سمریاں التواء کا شکار ہیں۔
محکمہ صحت اور ایکسائز سمیت چار محکموں کے لیے مستقل سیکرٹریز کی تقرری بھی تاحال نہیں کی گئی ہے اور ان محکموں کو ایڈیشنل چارج پر ہی چلایا جا رہا ہے۔
کے پی کی گیارہ رکنی کابینہ نے 29 اگست کو اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا۔
25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی اور صوبے میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی تھی۔