پی کے 23- شانگلہ ون میں آج ری پولنگ ہوگی

پی کے 23 شانگلہ ون میں ری پولنگ کل ہوگی|humnews.pk

شانگلہ: پی کے -23 شانگلہ ون میں ری پولنگ آج ہوگی۔ 25 جولائی 2018 کو ہونے والے انتخابات میں یہ حلقہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے شوکت علی یوسف زئی نے 17،399 ووٹ لے کر جیت لیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے یہاں خواتین کی دس فیصد سے کم ووٹنگ کی وجہ سے ری پولنگ کی ہدایت کی تھی جس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ری پولنگ کےلیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں اور فوجی دستے بھی پہنچ گئے ہیں۔

پی کے 23 شانگلہ ون میں کل ووٹر ز کی تعداد 200555 ہے جب کہ خواتین ووٹرز 86،728 اور مرد 1،13827 ہیں۔ حلقہ پی کے 23 شانگلہ ون میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 135 ہے جن میں مردوں کے 25، خواتین کے 21  اور مرد و خواتین کے مشترکہ پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 89 ہے۔

ہم نیوز کے مطابق مرد پولنگ بوتھ 202 خواتین پو لنگ بوتھ 137 ہیں۔ پولنگ کی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے  135 پریذائیڈنگ افسران، 678  اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور339  پولنگ افسران کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔

حلقے میں 18 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس، 35 کو حساس اور 82 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔

اس حلقے میں پی ٹی آئی کے شوکت یوسف زئی کو عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور گجر برادری کی حمایت حاصل ہے جب کہ مخالف امیدوارپاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو متحدہ مجلس عمل اور اے این پی کے ایک دھڑے کی حمایت حاصل ہے۔


متعلقہ خبریں