اسلام آباد ہائیکورٹ کل شریف خاندان کی اپیل کی سماعت کرے گا


اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈویژن بنچ کل شریف خاندان کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل اورسزا معطلی کی درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

جسٹس اطہر من اللہ اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پرمشتمل ہائیکورٹ کا ڈویژن کل نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی درخواست اور سزاکیخلاف اپیلوں کی سماعت کر ے گا۔

نواز شریف، مریم نوازاورکیپٹن صفدرنے احتساب عدالت کی سزا کیخلاف اپیلیں دائر کررکھی ہیں، تینوں نے اپنی سزا کی فوری معطلی کی درخواستیں بھی جمع کرا رکھی ہیں۔ سزا معطلی کی درخواستوں کی سماعت یہی بنچ پہلے بھی کر چکا ہے لیکن ان درخواستوں پر فیصلہ موخرکر دیا گیا تھا۔ نواز شریف و دیگر کی اپیل پرعدالت نے موسم گرما کی تعطیلات سے پہلے نیب کو نوٹس جاری کیا تھا۔

20 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں شریف خاندان کی سزا معطلی کی درخواستوں پرفیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔عدالت نے حکم دیا تھا کہ شریف خاندان کی سزا معطلی کی درخواستوں کو دیگر اپیلوں کے ساتھ  لگایا جائے اور گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد پہلے دن اپیلوں کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ  نے ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے ملنے والی سزاؤں کی معطلی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے سپریم کورٹ کے حکم پر دائر ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں نواز شریف کو دس سال قید اور دس ملین پونڈ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ اس کیس میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو سات سال قید اور 2.6 ملین پائونڈ جرمانے کی سزا سنائی ہوئی تھی جب کہ مریم کے شوہر کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی  تھی۔ تینوں اس وقت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید کاٹ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں