پنجاب کابینہ کا سابقہ حکومت کے پراجیکٹ جاری رکھنے کا فیصلہ

دنیا عمران خان کے مؤقف کی تائید کر رہی ہے، فیاض الحسن چوہان

لاہور: صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار ڈیمز فنڈ میں اپنی ایک ماہ کی تنخواہ دیں گے۔

انہوں نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں خیبرپختونخوا سے زیادہ بہتر ضلعی حکومت کا نظام لائیں گے، گزشتہ حکومت کے اچھے پراجیکٹس کو جاری رکھا جائے گا۔

اجلاس میں پنجاب پولیس کوغیرسیاسی بنانے کے لیےسفارشات طلب کی گئیں، پولیس اصلاحات کے لیے کمیشن قائم کیا جائے گا، ناصر درانی اس کمیشن کے چیئرمین ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ عبدالعلیم خان کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے جو معلوم کرے گی کہ افسروں کے پاس کتنی گاڑیاں ہیں، کروڑوں مالیت کی غیرضروری گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کفایت شعاری مہم کو بیوروکریسی اور افسر شاہی تک بھی لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ (پی کے ایل آئی) کا منصوبہ جاری رکھیں گے، پی کے ایل آئی پراجیکٹ پر کروڑوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

فیض الحسن چوہان نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ڈیم بناؤ مہم پر غور کیا گیا اور پاور پراجیکٹس پر بریفنگ لی گئی۔

 


متعلقہ خبریں