اسلام آباد: قومی ائیرلائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 385 رات گئے حادثے سے بال بال بچ گئی، فلائٹ میں پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان بھی سوار تھے۔
معاملے سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاہور جانے والی پرواز کو خراب موسم کے باوجود اڑان بھرنے کی اجازت دی گئی تاہم لاہور جاتے ہوئے بادل اور آسمانی بجلی چمکنے پر طیارے کا رخ واپس موڑ دیا گیا۔
طیارے میں سوار پنجاب کے وزیراطلاعات کابینہ اجلاس میں شرکت کے لیے لاہور جارہے تھے۔
حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے اپنے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا کہ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 385 میں سوار تھا کہ لاھور اور اسلام آباد کے درمیان خراب موسم کی وجہ سے طیارہ اللہ پاک کے کرم سے خوفناک حادثے سے بچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ طیارہ واپس اسلام آباد لینڈ کر گیا، شاید اللہ پاک نئے پاکستان کی تعمیر کے لیے عمران کی قیادت میں کام لینا چاہتا ہے۔
پنجاب کابینہ کے اجلاس میں شرکت کےلیے PIAکی فلائیٹ PK 385 میں سوار تھا لاھور اور اسلام آباد کے درمیان خراب موسم کی وجہ سے طیارہ اللہ پاک کے کرم سےخوفناک حادثے سے بچ گیا طیارہ واپس اسلام آباد لینڈ کر گیا۔شاید اللہ پاک نئے پاکستان کی تعمیر کے لیے عمران کی قیادت میں کام لینا چاھتا ھے
— Fayazulhasan chohan (@Fayazchohanpti) September 7, 2018