ادلب پر میزائل برسے تو بڑا قتل ہوگا،رجب طیب ایردوان

ترکی: امریکی انتباہ نظر انداز، روس سے مزید میزائل سسٹم خریدنے کا عندیہ

ترکی: صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ادلب میں ساڑھے تین ملین انسان آباد ہیں اور کسی بھی آفت کی صورت میں یہ فرار ہوکر ترکی آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ روس کو اور روس امریکہ کو ہدف بنا رہا ہے لیکن اللہ نہ کرے اگر ادلب پر میزائل برسائے گئے تو بہت بڑے پیمانے پر قتل عام ہو گا۔ 

ترکی کے نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق دورہ کرغزستان سے واپسی پر طیارے میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادلب کی صورتحال ترکی کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ کسی بھی آفت کی صورت میں ادلب کے لوگ ہماری طرف آئیں گے تو دوبارہ مسائل پیدا ہوں گے۔ 

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ اس وقت ترکی کا روس کے ساتھ تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ  جمعہ کے روز وہ ایران کے دارالحکومت تہران میں میزبان صدر حسن روحانی اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ سات ستمبر کو تہران میں سربراہی اجلاس ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ  اجلاس سے مثبت نتیجہ نکلنے کی صورت میں ہم شامی انتظامیہ کے انتہائی اقدامات کا سدباب کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور یہی وجہ ہے کہ ہم اجلاس کو بہت اہمیت دے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں