بابر اعوان نے خود استعفی دیا ہے، صداقت عباسی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا کہ بابر اعوان  نے استعفیٰ دے کر بہت اچھا کام کیا ہے۔ ان سے استعفیٰ لیا نہیں گیا بلکہ انہوں نے خود استعفیٰ دیا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جو باتیں کہیں انہیں سچ کر کے دکھائے گی اور اس کا پہلا قدم بابر اعوان کا استعفیٰ دینا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں رہنما پاکستان تحریک انصاف نے یہ شعر پڑھا

“ہم آہ بھی کرتے ہیں تو ہو جاتے ہیں بدنام

وہ قتل بھی کرتے ہیں تو چرچا نہیں ہوتا”

صداقت علی نے کہا کہ اسحاق ڈار ایک ملزم تھے جنہیں اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے جہاز میں بیٹھا کر فرار کرایا جبکہ ہم نے اپنے وزیر سے استعفیٰ دلوایا ہے، ان دونوں باتوں میں فرق واضح ہے۔

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما پیرمظہرالحق نے کہا کہ پاکستان میں خود سے استعفی دینے کا کوئی رواج نہیں، یہاں پر تو بس اشارے ملتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تو وقت بتائے گا کہ بابر اعوان سے استعفیٰ لیا گیا یا انہوں نے خود دیا۔ اگر پاکستان میں خود استعفیٰ دینے کی روایت قائم ہو رہی ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے۔

رہنما پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بابر اعوان  نے عقلمندی کا مظاہرہ کیا ہے، وفاقی وزیر کو گرفتار کرنے نیب پہنچ جائے تو اس سے پہلے خود استعفی دے دینا چاہیے۔

پروگرام میں موجود ن لیگ کے رہنما رانا افضل نے کہا کہ بابر اعوان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، تحریک انصاف کے لیے یہ شرم کی بات ہے کہ ان کا وزیر پہلے 15 دنوں میں ہی مستعفی ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کو توڑ پھوڑ کا شکار کیا گیا اور یہ سب ہتھکنڈے ابھی بھی چل رہے ہیں۔

رانا افضل کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان بہت اچھے وزیراعظم تھے اور انہوں نے پاکستان کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید کی اور پوچھا کہ حکومت نے ابھی تک ملک کے لیے کیا کیا ہے، انہوں نے نہ ہی بجلی چوری کے لیے اقدامات کیے ہیں اور نہی پولیس میں کوئی بہتری لائے ہیں۔


متعلقہ خبریں