ساف گیمز فٹ بال: پاکستان کی نیپال کو اپ سیٹ شکست


ڈھاکہ: پاکستان فٹ بال ٹیم نے ساوتھ ایشین فیڈریشن (ساف) چیمپئن شپ میں اپنی پہلی فتح حاصل کر لی ہے اورایونٹ کے پہلے ہی میچ میں  نیپال کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی ہے۔

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے بنگہ بدھو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں دونوں ٹیموں نے  شاندار کھیل پیش کیا۔

پاکستان کی طرف سے پہلے ہاف میں احسن بشیر نے پینالٹی کک پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو اگلے 40 منٹ تک قائم رہی۔

دوسرے ہاف میں نیپال کے کھلاڑیوں نے پاکستان گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے اور با لآخر 82ویں منٹ میں  بمل مارگر کے گول کی مدد سے اسکور برابر کر دیا۔

90 منٹ کے کھیل کے اختتام تک دونوں ٹیمیں 1-1 گول سے برابر تھیں جس پر ٹیموں کو برتری حاصل کرنے کے لیے اضافی وقت دیا گیا۔

اس موقع کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کی جانب سے محمد علی نے  گول کر کے پاکستان کو فتح دلا دی۔

پاکستان کی جانب سے احسن بشیر اور محمد علی نے گول کیے

یہ فتح قومی ٹیم کے لیے اس وجہ سے نہایت اہم ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا کی سب سے نچلے رینک کی ٹیم ہے۔

ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کو گروپ A میں رکھا گیا ہے جس میں نیپال کے علاوہ بنگلہ دیش اور بھوٹان کی ٹیمیں شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں