حکومت کا بجلی کے پری پیڈ میٹر متعارف کرانے کا فیصلہ


اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اپنے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ 3 ماہ میں بجلی کی چوری ختم کی جائے گی اور پری پیڈ میٹرز لگائے جائیں گے۔ وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو پری پیڈ میٹرز پر کام کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔

وزیرخزانہ کی زیرصدارت اجلاس میں  بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں اور شرکا نے  بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی اور غیرقانونی کنکشنز تین ماہ میں ختم کرنے پر اتفاق کیا۔

اسد عمر نے ہدایات جاری کیں کہ بجلی چوروں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے اور ان سب افراد یا محکموں کے کنکشن کاٹ دیے جائیں جو بل ادا نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے معاملے میں کسی کو رعایت نہیں ملے گی چاہے  اس کا تعلق وزارت یا کسی سرکاری محکمے سے ہی کیوں نہ ہو۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کھاد کے کارخانے فوری چلانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ان سے مقامی کھاد کی ضرورت پوری کی جا سکے، اگر مقامی پیداوار کم ہوئی تو بعد میں درآمد کا فیصلہ کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں