پی ٹی آئی اراکین پارلیمنٹ کا مائنڈ سیٹ پرانا ہے،فیصل کریم


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر جو افراد منتخب ہو کر اسمبلیوں میں پہنچے ہیں چونکہ ماضی میں ان کا تعلق کسی نہ کسی سیاسی جماعت سے رہا ہے اس لیے ان کا مائنڈ سیٹ وہی پرانا ہے۔

ہم چینل کے پروگرام ’نیوز لائن‘ میں میزبان ڈاکٹرماریہ ذوالفقار سے بات کرنے ہوئے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے انتخابات سے پہلے بہت سے دعوے و وعدے کیے تھے لیکن اب وہ ان سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔

پی پی پی کے رہنما نے کہا کہ  ہم اپوزیشن میں ہیں اس لیے پی ٹی آئی کو  ہم ہر قدم پر ان کے کیے گئے دعوے و وعدے یاد کرائیں گے اور اس کوہماری بات بھی سننا پڑے گی۔

ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما صدیق الفاروق نے کہا کہ نئے پاکستان کا نعرہ بھٹو نے بہت پہلے لگایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی واقعی نیا پاکستان چاہتی ہے تو ان کو بنیادی تبدیلی کرنی ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے پی ایم ایل (ن) کے رہنما صدیق الفاروق نے کہا کہ تبدیلی آنے میں وقت لگتا ہے اورہمیں کوئی جلدی نہیں ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف کو بہت جلدی ہے۔

پی ایم ایل (ن) کے رہنما نے کہا کہ معلوم نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کیا کررہی ہے؟ مگر اس طرح نظام تبدیل نہیں ہوتا ہے اورحکومت اس ضمن میں کچھ خاص بھی نہیں کررہی ہے۔

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر رمیش کمار نے پروگرام کی میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں برسوں سے ایک کلچر رائج ہے اسے بدلنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی تنقید کو وہ خوش آئند سمجھتے ہیں کیونکہ اس کی وجہ سے حکومتی کاموں میں بہتری آتی ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے دعویٰ کیا کہ ہم رائج نظام کو ضرور بدلیں گے لیکن اس میں تھوڑا وقت ضرور لگے گا کیونکہ اس سسٹم میں بہت زیادہ خرابیاں ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اب پاکستان بہتری کی طرف جائے گا اور ہمیں بھی الزام تراشی سے نکل کر مل جل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔

ڈی پی او پاک پتن والے واقعہ کے حوالے سے ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی اور بہت سی دیگر ترجیحات ہوں گی۔


متعلقہ خبریں