سینیٹ اجلاس: پرویز رشید اور چوہدری سرور کی نوک جھونک

سینیٹ اجلاس میں پرویز رشید اور چوہدری سرور کی نوک جھونک

اسلام آباد: سینیٹ اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید اور پی ٹی آئی کے سینیٹر اور نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے درمیان ہلکی پھلکی نوک جھونک ہوئی جس نے سینیٹ کے کشیدہ ماحول میں مسکراہٹیں بکھیر دیں۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ چوہدری سرور کا اس ایوان میں آج آخری دن ہے اور وہ سینیٹ میں اپنی آخری تقریر کرنا چاہتے ہیں۔

چوہدری سرور اپنے الوداعی خطاب کے لیے کھڑے ہوئے تو سینیٹر پرویز رشید نے چوہدری سرور کو مخاطب کرتے ہوئے جملہ کسا کہ آپ جاتے جاتے ایک راز سے پردہ اٹھا دیں اور وہ یہ کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ارکان کم تھے اس کے باوجود آپ نے سینیٹ کی نشست کیسے جیت لی؟

پرویز رشید کے اس سوال پر کئی سینیٹرز کھل کر ہنسے تو کچھ نے زیرلب مسکراہٹ پر ہی اکتفا کیا۔

چوہدری سرور نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ اگر میرے دوست پرویز رشید سینیٹ الیکشن کے بعد میرا انٹرویو سن لیں تو ان کی الجھن دور ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ عمران خان ان کا قائد ہے جس نے 22 سال کرپشن کے خلاف جدوجہد کی ہے۔

نامزد گورنر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ناقدین بھی ان پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتے، انہوں نے بطور وزیراعظم مختصر وقت میں عملی اقدامات کیے ہیں جو قابل ستائش ہیں۔


متعلقہ خبریں